کمٹہ 27/اگست (ایس او نیوز) یہاں کمٹہ۔سرسی ریاستی ہائی وے کے دیوی منے گھاٹ پر ایک ٹرک پر اچانک آگ لگ گئی جو پھیلتے ہوئے پوری ٹرک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ واردات منگل کی صبح پیش آئی۔
بتایا گیا ہے کہ سمنٹ سے بھری یہ ٹرک بلاری سے بھٹکل جارہی تھی جس کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ خوش قسمتی سے ٹرک ڈرائیور سبحان سید اور کلینر سلیم علی اس حادثے میں بال بال بچ گئے اور فوری لاری سے باہر کودنے میں کامیاب ہوگئے۔
سمجھا جارہا ہے کہ انجن میں ٹیکنیکل خرابی کی وجہ سے اچانک آگ لگی تھی اور آگ اتنی تیزی کے ساتھ پھیل گئی کہ پوری ٹرک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حادثے میں دس لاکھ سے بھی زائد مالیت کا نقصان ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
واردات کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچا اور آگ پر قابو پانے کی پوری کوشش کی، مگر آگ نے پوری ٹرک کو مکمل طور پر تباہ کردیا تھا، البتہ فائر بریگیڈ کی مدد سے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔
کمٹہ پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔